Breaking News
Home / اہم خبریں / مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع

مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پر پاکستان کی جانب سے حکمتِ عملی پر غور کے لیے پارلیمنٹ کا اجلاس شروع ہو گیا۔
تلاوتِ کلامِ پاک سے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع ہوا، جس کے بعد نعتِ رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم پیش کی گئی، پھر قومی ترانہ شروع ہوا تو تمام اراکینِ قومی اسمبلی و سینٹرز احتراماً کھڑے ہو گئے۔
اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع ہوا تو اعظم سواتی نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق قرار داد پیش کی۔
قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا کہ مودی نے انتہائی سفاکانہ قدم اٹھایا ہے۔
اپوزیشن ارکان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر سے متعلق پیش کی گئی قرارداد میں ترمیم کے لیے اصرار کیا گیا۔
حزبِ اختلاف کے اراکین نے مطالبہ کیا کہ قرار داد میں آرٹیکل 370 کے خاتمے کا ذکر بھی شامل کیا جائے۔
اپوزیشن کی جانب سے کشمیر کا سودا نا منظور کے نعرے بھی لگائے گئے، جس پر ایوان میں شور شرابہ شروع ہو گیا۔
سینیٹر رضا ربانی نے ایوان میں توجہ دلائی کہ اپوزیشن کے قید اراکین کو پروڈکشن آرڈرز جاری کر کے اجلاس میں شرکت کرائی جائے۔
شیریں مزاری نے کہا کہ لگتا ہے اپوزیشن یہاں شور شرابہ کرنے آئی ہے، یہ مقبوضہ کشمیر کا معاملہ بھی سیاست کی نذر کر رہی ہے۔
شور شرابے پر اسپیکر اسد قیصر نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 20 منٹ کے لیے ملتوی کر دیا، اس دوران حکومت نے قرار داد میں اپوزیشن کی مرضی کے مطابق ترمیم کر دی۔
اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان بھی شریک ہیں۔
ایوان میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، وفاقی وزراء، ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز بھی موجود ہیں۔
بھارت کے غیر آئینی اقدام، بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی اور مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتِ حال پر گزشتہ روز صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آج کا یہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا تھا۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج نے 30 اور 31 جولائی کو وادیٔ نیلم میں کلسٹر بموں کے ذریعے خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 سالہ بچے سمیت 2 افراد شہید اور 11 افراد شدید زخمی ہو گئے تھے۔
گزشتہ روز بھارت نے غیر آئینی اقدام کرتے ہوئے اپنے آئین سے آرٹیکل 370 کے خاتمے سے متعلق صدارتی حکم نامہ جاری کر دیا جس کے بعد مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم ہو گئی ہے۔

About clicknewslive

Check Also

آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کی بلاول سے ملاقات

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

کلک نیوز سے واٹس ایپ پر رابطہ کریں