Breaking News
Home / اہم خبریں / قطب الدین ایبک برصغیر کا پہلا مسلمان ترک بادشاہ

قطب الدین ایبک برصغیر کا پہلا مسلمان ترک بادشاہ

قطب الدین ایبک۔۔

قطب الدین ایبک برصغیر کا پہلا مسلمان ترک بادشاہ تھا۔ جس نے دہلی میں اسلامی حکومت کی بنیاد رکھی۔ جو دہلی سلطنت کے نام سے مشہور ہوئی۔ نسلاً ترک تھا۔

ایک سوداگر اس کو ترکستان سے خرید کر نیشا پور لے آیا اور قاضی فخرالدین عبدالعزیز کے ہاتھوں فروخت کردیا۔ جس نے اس کو سلطان شہاب الدین غوری کی خدمت میں پیش کیا۔ سلطان نے کثیر رقم دے کر اسے خرید لیا۔ شکل و صورت قبیح اور ایک چھنگلیا ٹوٹی ہوئی تھی۔ اس لیے لوگ اس کو ایبک شل (خستہ انگشت) کہتے تھے۔

قطب الدین نے رفتہ رفتہ اپنی صلاحیتوں کا سکہ سلطان پر بٹھا کر اس کا قرب حاصل کر لیا۔ 1192ء میں سلطان محمد غوری نے دہلی اور اجمیر شریف فتح کرکے قطب الدین کو ان کا حاکم مقرر کیا۔ اگلے سال سلطان نے قنوج پر چڑھائی کی۔ اس جنگ میں قطب الدین ایبک نے اپنی وفا داری اور سپہ گری کا ایسا ثبوت دیا کہ سلطان نے اس کو فرزند بنا کر فرمان فرزندی اور سفید ہاتھی عطا کیا۔

قطب الدین کا ستارہ اقبال چمکتا گیا۔ اس کی فوجیں گجرات، راجپوتانہ، گنگا جمنا کے دوآبہ، بہار اور بنگال میں نصرت کا پرچم لہراتی ہوئی داخل ہوئیں۔ جب سلطان محمد غوری 15 مارچ 1206ء کو جہلم کے قریب گکھڑوں کے ہاتھوں مارا گیا تو قطب الدین ایبک نے جون 1206ء کو لاہور میں اپنی تخت نشینی کا اعلان کر دیا۔

قطب الدین ایبک کی حکمرانى کا زمانہ جنگیں لڑتے اور فتوحات میں گزرا تھا۔ تخت پر بیٹھ کر اس نے امور سلطنت پر توجہ دی۔ اس کا بیشتر وقت نوزائیدہ اسلامی سلطنت میں امن و امان قائم رکھنے میں گزرا۔ عالموں کا قدر دان تھا۔ اپنی فیاضی کی وجہ سے تاریخ میں “لکھ بخش” کے نام سے مشہور ھوا۔ نومبر 1210ء میں لاہور میں چوگان (پولو) کھیلتے ہوئے گھوڑے سے گر کر راہی ملک عدم ہوا اور انار کلی کے ایک کوچے (ایبک روڈ) میں دفن ہوا۔

اس کا مقبرہ وقت اور حالات کے ہاتھوں برباد ہوتا رہا۔ یہاں تک کہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کے دور میں یہ ایک سکھ کی ملکیت رہا۔ انگریزوں کے دور میں یہ مقبرہ خستہ حالی کی منہ بولتی تصویر تھا۔

قیام پاکستان کے بعد صدر ایوب خان کے دور میں ابوالاثر حفیظ جالندھری نے ان سے گزارش کی کہ مجاہدِ اسلام کے مقبرہ کی مرمت اور تزئین وآرائش کا بندوبست کروایا جائے۔ صدر پاکستان ایوب خان نے ان کی درخواست قبول کی اور آج یہ مقبرہ مجاہد اسلام قطب الدین ایبک کی شان وشوکت سنبھالے کھڑا ہے۔

About clicknewslive

Check Also

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع

مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پر پاکستان کی جانب سے حکمتِ عملی پر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

کلک نیوز سے واٹس ایپ پر رابطہ کریں